ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریزرویشن کیلئے خواتین کومتحدہ جدوجہد کرنی چاہئے : سدارامیا

ریزرویشن کیلئے خواتین کومتحدہ جدوجہد کرنی چاہئے : سدارامیا

Thu, 09 Mar 2017 10:48:09    S.O. News Service

بنگلورو ،8؍مارچ (ایس او نیوز )وزیراعلیٰ سدارامیا نے پارلیمنٹ ' اسمبلی کے علاوہ دیگر منتخب اداروں اور سماجی زندگی میں ریزرویشن کیلئے خواتین کی متحدہ جدوجہد پر زور دیا۔انہو ں نے کہا '' خواتین کو چاہئے کہ وہ پارلیمنٹ اور ریاستی قانون ساز اسمبلیوں دونوں میں 33فیصد ریزرویشن پر عمل کے لئے منظم ہوں اور جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کہ پارلیمنٹ میں خواتین کو 33فیصد ریزرویشن کا قانون لایا گیالیکن اسے ہنوز منظور نہیں کیا گیااور یہ ابھی سرد خانے میں پڑا ہوا ہے ۔ انہوں نے یہاں بین الاقوامی یوم خواتین کی تقاریب کے موقع پر کنڑ اور ثقافتی محکمہ کی جانب سے منعقدہ انعامات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متوازن سماج کی تعمیر کیلئے خواتین اور مردوں کا رول مساوی طور پر اہمیت کا حامل ہے اور دونوں کیلئے مساوی مواقع ہونے چاہئیں۔ مختلف شعبوں میں خواتین کو بھی مساوی موقع دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں مرد اور عورت پرندوں کے دو پروں کے مساوی ہیں۔ اگر ایک پر ٹوٹ گیا تو پرندہ اڑان نہیں بھرسکتا ۔ اسی طرح ترقی اور صحت مند سماج کے لئے دونوں اہمیت کے حامل ہیں۔انہو ں نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات میں خواتین کافی پچھڑی ہوئی ہیں۔ ملک کی آزادی کے 70سال ہوچکے ہیں لیکن ابھی بھی خواتین سماجی اور معاشی اور سیاسی شعبوں میں کافی پسماندہ ہیں۔ انہو ں نے کہا '' ہم اس خلا کو پر کرنے اور مساوات لانے میں ناکام ہوگئے ہیں حالانکہ سماج میں خواتین کا ہم کافی احترام کرتے ہیں۔ سماج کیلئے خواتین کی ترقی لازمی ہے ۔ 


Share: